کراچی، لاہور: جشنِ آزادی کے ساتھ ساتھ گرمی کی چھٹیاں بھی ختم ہوگئیں، ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اور سندھ میں اسکول کھل گئے۔ تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج سے سندھ اور پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا۔ سرکاری اسکولز ہفتے میں 5روز کام کریں گے۔ والدین اور طلبہ و طالبات نے تعلیمی سرگرمیوں کیلئے کمر کس لی۔ اساتذہ نے بھی فرائض کی انجام دہی شروع کردی۔
آج گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے پر پہلے ہی روز حاضری معمول سے کم رہی، جس پر غیر حاضر بچوں کے والدین کو اطلاع دی جارہی ہے۔ محکمہ تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری اسکولوں میں ہفتے اور اتوار کو تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
پیر سے جمعرات کی صبح 8 بجے سے دوپہر3 بجے تک مرد اساتذہ جبکہ صبح 8 بجے سے ڈھائی بجے تک خواتین اساتذہ اسکولوں میں فرائض انجام دیں گی۔ پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ میں بھی چھٹیاں ختم ہوگئیں، تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
سندھ حکومت نے پہلی بار اساتذہ لائسنس پالیسی اور دیگر اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی اصلاحات جاری رکھیں گے۔ سرکاری و نجی اسکولز ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








