کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی، صوبہ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی بارشوں نے جل تھل ایک کردیا۔ سکھر اور خیبر پور سمیت سندھ کے اکثر شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ دادو، میر پور ماتھیلو اور گمبٹ میں بھی تیز بارش کے نتیجے میں پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا۔
مختلف شہروں اور دیہات میں بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ وسیع رقبے پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سندھ کے علاوہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں اور شہروں میں بھی بادل برسے اور خوب بارش ہوئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور، ملتان اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ بگٹی،صحبت پور اور جعفر آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی جمع ہوگیا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جن میں خیبر، لوئر دیر اور ٹانک شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا پانی گھروں، دفاتر اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کے باعث عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہری انتظامیہ نے نکاسی آب کیلئے کمر کس لی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








