پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں پولیس اہلکار نے حاملہ خاتون پر مبینہ تشدد کیا جس کے بعد بچی مردہ حالت میں پیدا ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ میں حاملہ خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہیں۔ مظاہرین نے پولیس چوکی کوٹ عبدالمالک کے باہر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس دوران لاہور روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔
رپورٹ کے مطابق اہلِ علاقہ نے بتایا کہ پولیس نے موبائل چوری کے شبے میں ایک محنت کش رضا کے گھر پر چھاپہ مارا اور اہلِ خانہ پر بھی تشدد کیا۔ پولیس اہلکار نے حاملہ خاتون کے پیٹ پر لات مار دی جس سے خاتون کی صحت بگڑ گئی۔
خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ خاتون کے ہاں بچی مردہ حالت میں پیدا ہوئی اور اب اس کی حالت تشویشناک ہے ۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ پولیس نے تاحال تشدد کرنے والے اہلکار کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








