مہنگی بجلی اور اضافی ٹیکس پر سروے کے ہوشربا نتائج سامنے آگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

مہنگی بجلی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگی بجلی اور اضافی ٹیکس پر سروے کے ہوشربا نتائج سامنے آگئے ہیں، ملک کے 33 فیصد افراد نے مہنگائی اور ٹیکسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق مہنگائی اور بے روزگاری پر پاکستانیوں کی تشویش کم ہوئی تاہم بجلی کے نرخوں اور ٹیکس میں اضافے سے پاکستانیوں کی پریشانی بڑھ گئی۔ اپسوس پاکستان نے کنزیومر کانفیڈنس سروے کے نتائج شائع کردئیے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپسوس پاکستان کے گزشتہ سروے میں 34فیصد جبکہ موجودہ سروے میں 33فیصد افراد نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر پریشانی کا اظہار کیا۔ بے روزگاری پر تشویش میں 8فیصد کمی واقع ہوئی۔

سروے کے نتائج کے مطابق 18فیصد افراد نے ملک بھر میں بے روزگاری کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ بجلی کے نرخوں اور ٹیکسز میں اضافے پر پاکستانیوں کی پریشانی میں اضافے کا انکشاف سامنے آیا۔

مجموعی طور پر بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت سے 11فیصد پاکستانیوں نے پریشانی کا اظہار کیا جن کی شرح میں گزشتہ سروے کے مقابلے میں 5فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکسز میں اضافے پر پریشانی 6فیصد اضافے سے 9فیصد ہوگئی۔

ایسے پاکستانی جو ملکی سمت کو درست سمجھتے ہیں، ان کی شرح 18 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد ہوگئی جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ملک کے کم و بیش 89فیصد شہری ملک کی موجودہ سمت اور فیصلوں کو درست نہیں سمجھتے۔

Related Posts