کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے بعد بولان سے مزید 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ صوبے میں دہشت گردی سے جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ بولان کے علاقے دوزان میں ریلوے پل کے ملبے سے بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی واقعات میں جاں بحق مزید دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے عملے نے دو روز بعد تخریب کاری کے نتیجے میں بولان میں قومی شاہراہ پر گرنے والے ریلوے پل کو اٹھا کر قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کردیا گیا تاہم ریلوے پل گرنے کے باعث ٹرین سروس تاحال معطل ہے۔
ریلوے حکام کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ دہشتگردی واقعے میں متاثرہ پل کی مرمت کیلئے ڈیڑھ سے دو ماہ کا وقت درکار ہے۔کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطلی کے باعث مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، شرپسندوں کا پیچھا کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








