ملک کے 37ویں بڑے شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے سینئر فوجی افسر اور 2 بھائیوں سمیت 3 افراد کو اغوا کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپنے والد کی وفات پر عوام سے ملاقات کے دوران سینئر فوجی افسر کو دو بھائیوں سمیت مشتبہ دہشت گردوں نے اغوا کیا۔ تینوں مغوی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ملازمین ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ ڈی آئی خان کی تحصیل کولاچی کے محلہ خادر خیل کی مسجد میں پیش آیا جہاں شہری ان سے والد کے انتقال پر تعزیت کر رہے تھے۔ مشتبہ عسکریت پسندوں نے تینوں افراد کو اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔
مغوی افراد کے والد کی نمازِ جنازہ 2 روز قبل 27اگست کو ادا کی گئی۔ مقامی پولیس کی جانب سے تو واقعے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے تصدیق یا تردید کا بیان جاری نہیں کیا گیا۔
رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو کولاچی کے ہتھالہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں مسلح افراد نے 4 کروڑ روپے لے جانے والی نجی سکیورٹی کمپنی کی وین کو ڈرائیور، گارڈز اور کریو ممبران سمیت اغوا کرلیا تھا۔
بعد ازاں تمام افراد کو چھوڑ دیا گیا، تاہم مسلح افراد نے تمام تر رقم لوٹ لی، وین نذرِ آتش کردی اور فرار ہوگئے۔ جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو بھی کولاچی سے ہی اغوا کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








