کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکنِ قومی اسمبلی اور شہرِ قائد سے پارٹی کے اہم سیاسی رہنما فہیم خان کو سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے سابق رکنِ اسمبلی فہیم خان کی سعودی عرب میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کے ایما پر ہی فہیم خان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
مممکنہ الزامات کیا ہیں؟
رپورٹ کے مطابق سابق رکن اسمبلی فہیم خان نے خانہ کعبہ کے سامنے 9 مئی سے متعلق ویڈیو بنائی تھی۔ پاکستان میں 9 مئی واقعات کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت پہلے ہی الزامات کی زد پر ہے۔ فہیم خان پر خانہ کعبہ کے سامنے سیاسی ویڈیو بنانے کا الزام ہے۔
خانہ کعبہ سمیت مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے دیگر مقامات مسلمانوں کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ سعودی حکومت خانہ کعبہ اور مسجدِ نبوی ﷺ جیسے مقامات پر سیاسی جھنڈے اٹھانے یا نعرے بلند کرنے پر کارروائی کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
حلیم عادل شیخ کا بیان
سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سابق رکن اسمبلی فہیم خان کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم فہیم خان کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں جلد از جلد رہا کروانے کیلئے تمام وسائل اور روابط بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
فہیم خان نے کیا کیا؟
سابق رکنِ قومی اسمبلی فہیم خان نے 9 مئی کے متعلق خان کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر ویڈیو ریکارڈ کی جو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر جاری کی گئی۔ ویڈیو میں فہیم خان نے کہا کہ میں خانہ کعبہ میں موجود ہوں اور مجبوراً مجھے یہ بات کرنی پڑ رہی ہے۔
ویڈیو میں فہیم خان نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیں کبھی نہیں کہا کہ کسی بھی تنصیبات پر حملہ کریں یا فوج کے خلاف بات کریں کیونکہ عمران خان تو ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ ملک اور یہ فوج دونوں میرے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








