کراچی: کار ساز حادثے کی ملزمہ نتاشا دانش کی رات اپنے گھر میں گزارنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی ویمن جیل شیبا شاہ نے کہا کہ ملزمہ جیل کی بیرک نمبر 3 میں ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ویمن جیل نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ نتاشا سمیت تمام قیدی خواتین کو یکساں سہولیات دی جارہی ہیں۔ ویمن جیل کی 6 بیرکس میں 186 قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ نتاشا بھی دیگر قیدیوں کے ساتھ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران ڈی آئی جی شیبا شاہ نے کہا کہ نتاشا کے متعلق سوشل میڈیا پر دی گئی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ملزمہ نتاشا کو کوئی اضافی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔ نتاشا کی رات اپنے گھر میں گزارنے کی خبر جھوٹی ہے۔ ملزمہ دن رات جیل میں گزار رہی ہے۔
ڈی آئی جی ویمن جیل نے کہا کہ بظاہر ملزمہ نتاشا دانش کوئی ذہنی مریضہ نظر نہیں آتی۔ تمام بیرکس میں ایک ایک ڈیپ فریزر موجود ہے۔ ملزمہ نتاشا کو الگ سے کوئی ڈیپ فریزر نہیں دیا گیا۔ جیل میں ہر خاتون قیدی اپنے گھر سے کھانا منگوانے کا حق رکھتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








