لاہور: پنجاب میں ماحولیاتی نگرانی کے پہلے سٹیلائٹ نظام کا آغاز ہوگیا ہے، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون کے استعمال سے اسموگ کے تدارک کیلئے کام شروع ہوگیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی اور دھوئیں کے اخراج پر کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے 2 فیکٹریاں بند کروا دی گئی ہیں۔ محکمہ ماحولیات نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ فیکٹریوں پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران محکمہ ماحولیات نے شیخوپورہ روڈ گوجرانوالہ میں 2فیکٹریوں پر چھاپہ مارتے ہوئے بھٹی گرا کر فیکٹریاں سیل کردیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹیموں کو ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کیلئے شاباش دی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سموگ کی آمد سے قبل پیشگی بچاؤ مہم کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ دھویں کے اخراج کے ٰخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان وجوہات کا تدارک ضروری ہے جن کی وجہ سے اسموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں فصلیں جلانے سمیت دیگر ذرائع سے پیدا ہونے والے دھویں اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث اسموگ سے ہر سال اڑھائی لاکھ لوگ جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ اسموگ کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








