وزیراعظم بلاول بھٹو کی میثاقِ پارلیمنٹ کی تجویز کے حامی نکلے

تازہ ترین

تازہ ترین

میثاقِ پارلیمنٹ
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف بلاول بھٹو کی میثاقِ پارلیمنٹ کی تجویز کے حامی نکلے۔ حمایت کا اعلان چیئرمین پی پی پی کی سربراہی میں وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین بلاول  بھٹو کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ وفد میں شامل سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضی وہاب بھی ملاقات میں موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق حکمراں سیاسی جماعت ن لیگ کی جانب سے ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی۔

اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری اور وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔انہوں نے میثاقِ پارلیمنٹ کی تجویز کو سراہا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز ’’چارٹرآف پارلیمنٹ‘‘ کو سراہا اور اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہو گی۔پی پی وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کی معاشی پالیسی کی تعریف کی۔

Related Posts