عدلیہ مخالف مہم کا الزام، عمران ریاض سمیت 7افراد پر مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران ریاض
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے عدلیہ مخالف مہم کے الزام میں معروف صحافی، ٹی وی اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض سمیت 7افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران ریاض اور دیگر کے خلاف سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مہم چلانے پر ایف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں مجاہد علی شاہ، سہیل احمد، اللہ نواز خان، صدیق انجم، مصدق عباسی اور طارق سلیم سمیت 7افراد بطور ملزمان نامزد ہیں۔

مدعی مقدمہ جی 14اسلام آباد کے رہائشی احمد صادق خان ہیں، ملزمان کے خلاف پرائیویسی کی خلاف ورزی کی دفعہ 20 پیکا ایکٹ، دھمکانے اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ مقدمے میں نامزد ملزم مصدق عباسی اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کے مشیر ہیں۔

معروف جج احمد صدیق کے قریبی عزیز اور بھتیجے نے مقدمے کے اندراج کیلئے مدعی کا کردار ادا کیاہے۔ مدعی مقدمہ کا دعویٰ ہے کہ ملزمان نےمیرے چچا جو حاضر سروس جج ہیں، ان سمیت عدلیہ کے خلاف مہم چلائی جبکہ عدلیہ ریاست کا دوسرا ستون ہے۔ ادارے اور جج کی ساکھ مجروح کی گئی۔

مدعی مقدمہ کا دعویٰ ہے کہ ملزمان نے ان پر اور اہلِ خانہ پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے، ہراساں کیا اور بلیک میل کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا مہم کا سہارا لیا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران رپورٹ کیے جانے اور الزام کی درستگی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تاحال عمران ریاض سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار نہین کیا گیا، تاہم مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کی گرفتاری کا بھی خدشہ ہے۔ آنے والے دنوں میں ایسے کچھ اور مقدمات بھی درج ہونے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ عمران ریاض اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہوچکے ہیں۔

 

Related Posts