اسلام آباد: عدالت نے پی ٹی آئی اراکین کی ضمانت منطور کرلی ہے، ملزمان کی فوری رہائی کا حکم بھی دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار اراکینِ قومی اسمبلی کی درخواستِ ضمانت انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے منظور کی۔ عدالت نے تمام مقدمات میں اراکین کی ضمانت 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی کو فوری رِہا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ ضمانت کیلئے دی گئی درخواستوں کی سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے ضمانت منظور نہ کرنے کی اپیل کی۔
استغاثہ نے کہا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔ مقدمے کی دفعات کی سزا کم سے کم 3سال بنتی ہے۔ عدالت ضمانت کی درخواست مسترد کرے۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استغاثہ سے برآمدگی کے متعلق استفسار کیا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے کچھ برآمد نہیں ہوا۔،ملزمان میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، نعیم علی شاہ، یوسف خان، شاہ احمد، اویس حیدر جکھڑ اور زبیر خان شامل ہیں۔ ملزمان پر مقدمات اسلام آباد میں درج ہوئے۔
شہرِ اقتدار کے تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں اراکینِ قومی اسمبلی کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج ہوا تھا۔ عدالت نے تمام تر مقدمات کے خلاف ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








