کراچی میں اسٹریٹ کرائم عروج پر، پولیس مقابلوں میں زخمی 6ڈاکو گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

پولیس
(فوٹو: دی پرنٹ)

کراچی میں اسٹریٹ کرائم عروج پر پہنچ گئے، تھانہ پاک کالونی، سکھن اور شیر شاہ پولیس نے مقابلوں کے دوران زخمی 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے 6 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔پاک کالونی پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب پرانا گولیمار میوا شاہ قبرستان تاج اولیا مزار کے ایم سی کٹ کے قریب مقابلہ کیا۔

افسران اور اہلکاروں نے ڈاکوؤں سے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا. گرفتار ملزمان کی شناخت 20 سالہ خضر ولد اظہر اور 28 سالہ فرحان ولد لطیف کے نام سے ہوئی۔

اسی مقابلے میں پولیس کے زخمی اہلکار فیصل عباس ولد غلام شبیر کو طبی امداد دی گئی، گرفتار ملزمان سے دو پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب شیر شاہ پولیس نے کراچی کے علاقے شیرشاہ مورو قبرستان چاچا بابا مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جن کی شناخت کامران ولد گلبہار خان اور فیاض ولد محمد سجاد کے ناموں سے ہوئی۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقدی رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں اور ماضی کے جرائم سمیت مزید انکشافات کی توقع ہے۔

دیگر تھانوں کی طرح سکھن پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب دس نمبر روڈ پرانا کمیلا کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف ولد محمد حسین اور وحید ولد فلک کے ناموں سے ہوئی تھی۔

Related Posts