کراچی: ترجمان چیئرمین پی پی پی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کے آئینی ترامیم پر بیان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول پر الزام سے قبل عمر ایوب اپنے ماضی پر نظر ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ردِ عمل میں ترجمان بلاول بھٹو مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی پر الزام نہ لگائیں، اپنے ماضی میں جھانکیں، عمر ایوب ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی 2002 کی اسمبلی کے رکن اور وفاقی وزیر بھی رہے اور اس دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔
اپنے ردِ عمل میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی کابینہ کے دور میں 2007 میں ایمرجنسی لگا کر مارشل لا لگایا گیا، سابق صدر اور ڈکٹیٹر مشرف کے وقت کے چیف جسٹس اور معزز جج صاحبان کو گھر بھیج دیا گیا تھا جبکہ ملک میں مارشل لا کے خالق بھی ان کے دادا تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان میں مارشل لا کے خالق عمر ایوب کے دادا جنرل ایوب خان تھے، ڈکٹیٹر ایوب خان کے دور میں پاکستان مشکلات کا شکار ہوا۔واضح رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے یہ بیان عمر ایوب کے مجوزہ آئینی ترامیم پر دئیے گئے بیان کے ردِ عمل میں دیا ہے۔
اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے حکومت اور اس کے اتحادیوں پر الزام لگایا کہ اگر یہ ترامیم منظور ہو جاتیں تو ملک میں مارشل لا لگ جاتا اور ترامیم کے مسودے کا بلاول بھٹو اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بھی علم نہیں تھا۔ یہ لوگ اپنے ہاتھ پاؤں کاٹنا چاہتے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








