غزہ، اسرائیل کے پناہ گزین اسکول پر حملے میں بچوں سمیت 22فلسطینی شہید

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: جیو نیوز)

اسرائیل کے غزہ میں پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت 22 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ فضائی حملے کے نتیجے میں جاں بحق افراد پہلے ہی بے گھر تھے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیل نے الزیتون کے علاقے میں پناہ گزین اسکول کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 22افراد شہید ہوئے جن میں سے اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ اسکول میں تعلیم کا سلسلہ طویل عرصے سے بند تھا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسکول بند کیے جانے کے بعد سے بے گھر فلسطینیوں نے یہاں پناہ لے لی۔ اسرائیلی فوج نے پناہ گزین اسکول کو حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کے طور پر نامزد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ہورہی تھی۔

اسرائیلی فوج نے حماس کو عسکریت پسند گروپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس قیادت کمانڈ سینٹر کو دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کررہی تھی، تاہم حماس کی جانب سے اسکولوں اور دیگر شہری مقامات عسکری مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے انکار سامنے آیا ہے۔

حماس کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے الزیتون کے علاقے میں گزشتہ روز کئی بچوں اور 6 خواتین سمیت 22 افراد کو شہید کیا۔ دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ جاں بحق خواتین میں سے ایک خاتون حاملہ بھی تھی۔

اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 7اکتوبر سے جاری جنگ میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی ایجنسی انروا کا کہنا ہے کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں الجعونی اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہمارے 6 ملازمین بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

Related Posts