مریم نواز کا دھی رانی پروگرام، اجتماعی شادیاں کیسے؟ نئے جوڑے کو کیا ملے گا؟ مکمل تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

دھی رانی
(فوٹو: پنجاب حکومت)

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں دھی رانی پروگرام شروع کردیا جس کے تحت اجتماعی شادیاں ہوں گی اور نئے جوڑے کو ضروریاتِ زندگی کی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔

وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں دھی رانی پروگرام کے اجتماعی شادی پورٹل کا آغاز کردیا جس کے تحت 135درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 15 درخواست گزاروں کا تعلق لاہور سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر نومبر میں 3000اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کرچکا ہے جس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز سلامی دیں گی جبکہ جہیز میں ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ اجتماعی شادیوں کا سب سے بڑا اور تاریخی پروگرام 30نومبر سے شروع ہوگا۔

درخواست گزار کیا کرے؟

سب سے پہلے درخواست گزار کو یہ ثابت کرنے کیلئے کہ وہ پنجاب کا شہری اور رہائشی ہے، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا جاری کردہ ڈومیسائل پیش کرنا ہوگا۔ پروگرام کے تحت 18 سے 40سال تک عمر کی حامل غریب، یتیم، معذور یا کسی معذور کی بیٹیاں درخواست دے سکیں گی۔

پنجاب حکومت نے دھی رانی پروگرام میں لڑکی کی پہلے سے طے شدہ شادی کی تصدیق بھی ضروری قرار دے دی۔ درخواست گزارکا خود دلہن یا پھر دلہن کے والد، والدہ یا سرپرست ہونا ضروری ہے۔ یہ پروگرام صرف غیر شادی شدہ خواتین کیلئے ہے، پہلے ہی شادی کی تقریب ہوچکی ہو تو درخواست نہیں دی جاسکے گی۔

درخواست گزاروں کو ایک حلفیہ بیان دینا ہوگا جس میں غیر شادی ہونے اور اجتماعی شادی کی تقریب میں شامل ہو کر شادی کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار شامل ہوگا۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار 21اکتوبر سے 5نومبر تک آن لائن پورٹل پر درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

(فوٹو: وی نیوز)

محکمہ سوشل ویلفیئر کو الیٹرانک قرعہ اندازی کے ژریعے شرکا کے انتخاب کا اختیار دیا گیا ہے جو پنجاب بھر سے مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے پر استعمال کیاجاسکے گا۔ خوش نصیب جوڑوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا جائے گا۔

درخواست دینے کا طریقہ

پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے دھی رانی پروگرام کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے جس میں درخواست دہندہ کو اپنا نام، جنس، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر، ضلع و تحصیل، ای میل ایڈریس اور رابطہ نمبر درج کرنا ہوگا۔ درخواستوں کو ضلعی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے دفتر میں بھی جمع کرایا جاسکے گا۔

مزید تفصیلات کیلئے دھی رانی پروگرام کی ہیلپ لائن نمبر 1312 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ حکومت درخواست گزاروں کو جہیز کا سامان، مہمانوں کیلئے یکھانا اور دلہن کو سلامی فراہم کرنے کے وعدے سمیت دیگر حوصلہ افزاء اعلانات کرچکی ہے۔

نئے جوڑے کو کیا ملے گا؟

صوبائی حکومت خوش نصیب درخواست گزاروں کو 2 لاکھ 6 ہزار روپے کا جہیز کا سامان فراہم کرے گی جس میں ڈبل بیڈ اور میٹریس، ڈنر سیٹ، آئینہ، قرآنِ پاک اور جائے نماز شامل ہے۔ شادی کی تقریب میں 20مہمانوں کا کھانا بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شادی کی تقریب کے روز دلہا اور دلہن کو 1 لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کے ذریعے ان کے اکاؤنٹ میں فراہم کریں گی جس کا مقصد دلہا اور دلہن کو بہتر انداز میں نئی زندگی کے آغاز کیلئے جذبہ خیر سگالی کا اظہار ہے۔

Related Posts