شہرِ قائد میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقعے پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں ملٹری اکیڈمی کے دستے نے فرائض سنبھال لیے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ملٹری اکیڈمی کے میجر جنرل محمد علی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے کو گارڈز کے فرائض سنبھالنے پر تعینات کیا گیا۔ خواتین کیڈٹس سمیت گارڈز نے مزارِ قائد کی نگہبانی کے فرائض سنبھالے۔
پر وقار تقریب میں پاکستان ائیر فورس دستے کے گارڈز کو فرائض سے سبکدوش کرتے ہوئے نئے دستے کو مقرر کیا گیا۔ کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل محمد علی کو سلامی بھی دی گئی۔
گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب کے آخر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو اعزازی سلامی پیش کیا گیا۔ نئے گارڈز کی تقرری ہر سال قائد اعظم کے یومِ پیدائش کے موقعے پر پاکستانی روایات کا خوبصورت حصہ ہے۔
یاد رہے کہ بانئ پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جبکہ قائد اعظم نے روشنیوں کے شہر کراچی میں 25 دسمبر 1876ء کو آنکھ کھولی۔
ملک بھر میں یومِ قائد کے موقعے پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ، آج مختلف اداروں، افراد اور حکومت کی طرف سے قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات منعقد ہوں گی۔آپ کا پیدائشی نام محمد علی جناح تھا۔
مزید پڑھیں: یومِ قائد آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








