کامرہ: پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں آٹھ ڈوئل سیٹ ( دو سیٹوں ) والے جے ایف 17 تھنڈرطیاروں کی پہلی کھیپ کی تقریب رونمائی ہوئی۔
ائیر کرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری کامرہ میں آٹھ ڈوئل سیٹ جے ایف17تھنڈر طیاروں کی پروقار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جناب یاؤژنگ اور ایوی ایشن انڈسٹریز آف چائنہ کے نائب صد ر مسٹر یاؤ زاؤپنگ نے بھی تقریب میں شرکت کی،ائیر چیف نے آٹھ ڈوئل سیٹ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پرعملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیئرمین پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے ائیر مارشل احمر شہزاد نے اپنے خطاب میں اس پراجیکٹ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پرروشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن نے چائینیز کمرشل طیاروں کے لئے پرزہ جات کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کئے۔
پاک چین برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک لا زوال مثال ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے پی اے سی، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کو 2019 کے پیداواری اہداف کو حاصل کرنے اور پہلے 8 ڈوئل سیٹ جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی 5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہندوستان مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، وزیر خارجہ
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم سنگِ میل جے ایف17پروگرام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے،ائیر چیف نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اسکی جنگی صلاحیت اسکی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایویانکس پروڈکشن فیکٹری، کامرہ میں ڈوئل سیٹ جے ایف17تھنڈر طیاروں کی انٹیگریشن فیسلٹی کاا افتتاح کیا ، یہ سہولت پاک فضائیہ میں شامل جےایف 17 تھنڈر کو اپنی مرضی کے ایویانکس اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ خود انحصاری اور آپریشنل تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








