آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا، بھارت نے اتوار کو ہونے والے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ پکی کر لی۔
پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 مارچ منگل کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 5 مارچ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
جنوبی افریقہ نے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آسٹریلیا ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہا۔ بھارت نے گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ طے کر لیا۔
فائنل 9 مارچ بروز اتوار کو کھیلا جائے گا، تاہم اس کے وینیو کا اعلان ابھی باقی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت کے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے سے انکار کے مکمل اثرات اب واضح ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ اس انتظار میں تھے کہ ان کے سیمی فائنلز لاہور میں ہوں گے یا دبئی میں۔
سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل کرکٹ میچ نہیں کھیلا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی پالیسی میں تبدیلی نہ کرتے ہوئے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیا، جس کے باعث بھارت نے اپنے تمام گروپ میچز دبئی میں کھیلے اور اب وہ سیمی فائنل اور ممکنہ فائنل بھی دبئی میں ہی کھیلے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








