لندن: برطانیہ کی عدالت نے 10 سالہ بیٹی کو قتل کرنے کے مرتکب والدین کی سزائیں کم کرنے کی اپیل مسترد کردی ہے، اپیل کی سماعت 3 ججز نے کی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کی سزائیں کم کرنے کی اپیل رائل کورٹ آف جسٹس میں پیش کی گئی۔ عدالت نے اپیل مسترد کرتے ہوئے ملزمان کی سزائیں برقرار رکھنے کا فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ کمسن بچی کے قتل کے بعد سزا میں رعایت کی اپیل ناقابل قبول ہے۔
قبل ازیں 10 اگست2023 کو 10 سالہ سارہ شریف ووکنگ کے علاقے میں مردہ پائی گئی۔ برطانوی پولیس کے بیان کے مطابق بچی کے والد، چچا اور سوتیلی ماں سارہ کی لاش برآمدگی سے چند گھنٹے قبل ہی پاکستان روانہ ہوئے۔ سارہ کے قتل کی اطلاع پاکستان سے اس کے والد نے دی۔
بد ترین تشدد کا شکار کمسن بچی کے قتل نے برطانیہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر حساس دل کو ہلا کر رکھ دیا۔ برطانیہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا۔ 1 ماہ بعد تینوں ملزمان برطانیہ واپس آئے تو تینوں کو جہاز سے ہی دھر لیا گیا۔
کیس کی سماعت کے دوران سارہ شریف کے والد عرفان شریف نے بچی کو لگے زخموں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے سارہ کو دھاتی ڈنڈے، کرکٹ بیٹ اور موبائل فون سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ عدالت نے دسمبر میں ہی بچی کے قتل کے جرم میں مقتولہ کے والد اور سوتیلی ماںکو عمر قید کی سزا سنا دی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








