بلوچستان کے ضلع گوادر میں ایک اور خونریز واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
قومی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز فائرنگ کا واقعہ گوادر کے علاقے کلانٹ میں پیش آیا۔جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
بعد ازاں زخمی شخص بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق ملتان سے ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلانٹ میں مسافروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا قتل ایک غیر انسانی جرم ہے۔ انہوں نے مسافروں کو نشانہ بنانے کے اس حملے کو وحشیانہ اور بربریت قرار دیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








