پاکستان کرکٹ ٹیم ہملٹن پہنچ گئی، کیویز کیخلاف دوسرا ون ڈے 2 اپریل کو کھیلا جائے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan team arrives in Hamilton for second ODI against New Zealand
FILE PHOTO

پاکستان کرکٹ ٹیم نیپئر سے ہملٹن پہنچ گئی ہے جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شرکت کرے گی،ٹیم کل مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے 2 اپریل کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ کے بعد دونوں ٹیمیں مزید مقابلے کے لیے تیار ہیں جبکہ شائقین اس سنسنی خیز مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ اگلے اہم میچ کے لیے حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 345 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ پاکستان نے مضبوط آغاز کیا، جہاں عبداللہ شفیق اور ڈیبیو کرنے والے عثمان خان نے 83 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 13ویں اوور میں ناتھن اسمتھ نے عثمان کو 39 رنز پر آؤٹ کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔

16ویں اوور میں کیوی کپتان مائیکل بریسویل نے عبداللہ شفیق کو 36 رنز پر پویلین بھیج دیاجس کے بعد پاکستان کا اسکور 88-2 ہو گیا۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے 76 رنز کی شراکت سے اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن 29ویں اوور میں محمد عباس نے رضوان کو 30 رنز پر آؤٹ کر دیا، جس سے پاکستان 164-3 پر پہنچ گیا۔

بابر اعظم اور سلمان علی آغا نے 89 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر امیدیں بحال کیں لیکن 39ویں اوور میں بابر 78 رنز بنا کر ول او’رورکے کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

بابر کی وکٹ کے بعد پاکستان کی اننگز لڑکھڑا گئی۔ 40ویں اوور میں عرفان نیازی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر رن آؤٹ ہو گئے، جس سے پاکستان کا اسکور 253-6 ہو گیا۔

جیکب ڈفی نے سلمان علی آغا کو 58 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ اسمتھ نے 43ویں اوور میں نسیم شاہ اور حارث رؤف کی وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی پوری ٹیم 44.1 اوور میں 271 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ 73 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

Related Posts