بارسلونا: لالیگا میں ہانسی فلیک کی زیرِ قیادت بارسلونا نے گزشتہ رات مونٹجُوئک اسٹیڈیم میں مالورکا کے خلاف ایک یکطرفہ مقابلے میں 0-1 سے فتح حاصل کی۔
اگرچہ اس سیزن کے آغاز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ 1-5 سے بارسلونا کے حق میں رہا تھا تاہم اس بار نتیجہ کم اسکورنگ مگر مکمل کنٹرول کے ساتھ آیا۔
بارسلونا نے میچ کے آغاز سے آخر تک حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے ہاف میں بارسلونا نے تقریباً دس مواقع پیدا کیے جن میں چار سے زائد یقینی گول کے مواقع شامل تھے لیکن گول نہ ہو سکا۔ بالآخر دوسرے ہاف کے آغاز میں دانی اولمو نے عمدہ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔
دانی اولمو نے انجری کے بعد پہلی بار میدان میں واپسی کی اور سب سے خطرناک حملہ آور کے طور پر سامنے آئے۔ پہلے ہاف میں گول کے کئی مواقع ضائع ہونے کے باوجود وہ دوسرے ہاف میں پرسکون انداز میں گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پیڈری نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور مڈ فیلڈ میں مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے حریف دفاع کو بارہا چیر ڈالا۔ وہ کھیل کے اصل محور رہے اور کئی بار گول بنانے کے امکانات پیدا کیے۔
دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں یامل، گویوی، انیگو مارٹینیز، اور ایرک گارشیا شامل رہے، جنہوں نے دفاع میں استحکام اور حملوں میں توازن برقرار رکھا۔ نوجوان ہی تور فورٹ کو بھی موقع دیا گیا، جہاں انہوں نے دفاعی ذمے داری بخوبی نبھائی۔
میچ کے اختتام پر بارسلونا نے ایک صفر کی اہم فتح کے ساتھ تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، جو کہ لیگ کی دوڑ میں ان کی پوزیشن مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








