ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پاکستان نے اس خطرناک کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سخت بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جارحیت نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے بلکہ شہری جان و مال کے تحفظ پر بھی سنگین سوالات اٹھا رہی ہے۔
بیان میں پاکستان نے ایک بار پھر ایران کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ہر خودمختار ریاست کو اپنی سالمیت کے تحفظ کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف مسلسل جارحیت، جس کی ابتدا اسرائیلی حملوں سے ہوئی، اب سنگین عالمی بحران میں بدلنے کا خدشہ ہے۔ اگر کشیدگی کم نہ کی گئی تو اس کے مہلک اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جائیں گے۔
پاکستان نے تمام فریقین سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون، خصوصاً انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور تنازع کے حل کے لیے فوری طور پر سفارتی راہ اپنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








