پولیو مہم کو شدید دھچکا، معصوم بچوں کو موت کی دہلیز پر دھکیل دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Another polio case detected in Sindh’s Badin district
(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کو شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے کیونکہ مئی کے مہینے میں ہزاروں والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کیا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کی رپورٹ کے مطابق مئی 2025 میں کم از کم 37,711 والدین نے پولیو ویکسینیشن سے انکار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ انکار کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں سامنے آیا جہاں 9,433 والدین نے قطرے پلوانے سے انکار کیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 7,141 اور کیماڑی میں 7,111 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیگر اضلاع میں بھی صورتحال تسلی بخش نہیں رہی: ملیر میں 4,606، کورنگی میں 3,453، ساؤتھ میں 3,145 اور ویسٹ میں 2,922 والدین نے ویکسینیشن سے انکار کیا۔

ای او سی کا کہنا ہے کہ اپریل میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی تھی جہاں انکار کی تعداد 37,360 رہی۔ مسلسل انکار سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق والدین کی جانب سے انکار کی بنیادی وجوہات میں غلط فہمیاں، افواہیں اور آگاہی کی کمی شامل ہیں۔ پولیو کے خطرے سے دوچار علاقوں اور یونین کونسلز میں اب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم میں تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

Related Posts