فٹبال کے عالمی منظرنامے پر ایک نئی امید کا ستارہ چمکنے کو ہے، اور اس بار مرکز پاکستان ہے، فیفا کے صدر گیانی انفاٹینو اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن گیلانی کی میامی میں ہونے والی خصوصی ملاقات نے پاکستانی فٹبال کو نئی زندگی دینے کی نوید سنا دی ہے۔
فیفا کلب ورلڈ کپ کے موقع پر ہونے والی اس اعلیٰ سطحی نشست میں فٹبال گورننس میں اصلاحات، نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت، اور انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
انفاٹینو نے محسن گیلانی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال کو اس کے اصل مقام تک پہنچانے کے لیے فیفا مکمل تعاون فراہم کرے گا، مگر کامیابی کا دار و مدار اتحاد پر ہے۔
فیفا صدر نے تمام اسٹیک ہولڈرز، کانگریس اراکین، اور نئی ایگزیکٹو کمیٹی سے مل کر چلنے کی اپیل کی تاکہ پاکستان میں فٹبال کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔
محسن گیلانی نے فیفا صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو انفاٹینو نے خوش دلی سے قبول کر لی۔ اس موقع پر فیفا صدر نے پاکستان میں کھلاڑیوں سے ملاقات، فٹبال ماحول کا مشاہدہ اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
محسن گیلانی نے اس ملاقات کے دوران پاکستان میں نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت، کوچنگ کورسز، گراس روٹ فٹبال، مقامی لیگ سسٹم کی بحالی اور بین الاقوامی روابط کے فروغ پر مشتمل ایک جامع ویژن پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئی قیادت کے تحت PFF ایک ایسے روڈ میپ پر عمل پیرا ہے، جو نہ صرف فٹبال کو مقامی سطح پر فروغ دے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بھی بحال کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








