کرکٹ کی دنیا میں کینیڈا نے اپنی صلاحیتوں کا ڈنکا بجا دیا۔ امریکاز ریجنل کوالیفائر کے اہم مقابلے میں بہاماس کو صرف 57 رنز پر ڈھیر کر کے کینیڈا نے نہ صرف شاندار فتح سمیٹی بلکہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے باوقار انداز میں کوالیفائی کر لیا۔
کلیم ثنا اور شیوم شرما نے 3،3 وکٹیں لے کر بہاماس کی بیٹنگ کو دھول چٹا دی۔ جواب میں دلپریت باجوا نے صرف 14 گیندوں پر 36 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر فتح کی مہر ثبت کر دی۔ یہ ہدف کینیڈا نے محض 5.3 اوورز میں حاصل کر لیا — جیسے کوئی مشق کا میچ ہو۔
کینیڈا نے کوالیفائر مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تمام پانچ میچز جیتے، اور پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا۔ ٹیم نے پہلے برمودا کو 110 رنز سے، پھر کیمین آئی لینڈز کو 59 رنز سے اور بہاماس کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرے مرحلے میں کیمین آئی لینڈز کے خلاف صرف پانچ اوورز کے میچ میں بھی 42 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
نکولس کرٹن کی قیادت میں کھیلنے والی یہ ٹیم 2024 میں بھی عالمی کپ کا حصہ رہی تھی، اور اب 2026 میں بھارت و سری لنکا کی سرزمین پر ایک بار پھر اترنے کو تیار ہے۔
کینیڈا اب ان گیارہ ٹیموں کے ساتھ شامل ہو گیا ہے جو پہلے ہی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، ان میں بھارت، پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقہ، افغانستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، امریکہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








