نوجوان خون اور پرانی امیدیں ساتھ ساتھ، بنگلہ دیش کا نیا ون ڈے اسکواڈ تیار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف جولائی میں ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں تجربہ کار اوپنر لٹن داس کی واپسی نمایاں ہے۔

سیریز کا آغاز دو جولائی سے ہوگا، دوسرا میچ پانچ جولائی اور تیسرا آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پہلے دو میچ کولمبو کے مشہور آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ تیسرا میچ پالی کیلے میں ہوگا۔

ٹیم اسکواڈ میں مہدی حسن مرزا (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمان، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، توحید ہریدوی، لٹن داس، جاکر علی، شميم حسین، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمٰن، تنزیم حسن، تسکین احمد، ناہید رانا، حسن محمود شامل ہیں۔

لٹن داس ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نامزد ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں اگرچہ ان کی حالیہ کارکردگی نے سلیکٹرز کو مایوس کیا تھا۔

چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین کا کہنا ہے کہ لٹن داس کی فارم کے بارے میں سوالات ضرور ہیں، مگر ٹیم مینجمنٹ کو ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

لٹن نے پچھلے سال دسمبر سے اب تک نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں صرف 35 رنز بنائے، جس کے بعد انہیں چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا۔

اس مرتبہ اسکواڈ میں کچھ نئے چہرے بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اوپنر محمد نعیم، مڈل آرڈر بیٹر شمیم حسین، اسپنر تنویر اسلام اور فاسٹ بولر حسن محمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

خاص طور پر تنویر اسلام کے لیے یہ ان کا پہلا موقع ہے کہ وہ ون ڈے فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

فاسٹ بولنگ کے شعبے میں پانچ بولرز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ مستفیض الرحمٰن، تسکین احمد اور ناہید رانا جیسے مرکزی بولرز پر ورک لوڈ کم کیا جا سکے۔

بنگلہ دیشی ٹیم انتظامیہ ان کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ آئندہ بڑے ٹورنامنٹس کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔

سینئر کھلاڑیوں کی کمی بھی ٹیم پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ حال ہی میں محمود اللہ نے تمام فارمیٹس جبکہ مشفق الرحیم نے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے، جس کے باعث ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کا عمل تیز ہو چکا ہے۔

چیف سلیکٹر نے اس بات کی تصدیق کی کہ سومیہ سرکار انجری سے مکمل صحتیابی کے بعد اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ ایک سال سے مختلف جسمانی مسائل جیسے گھٹنے، کمر اور انگلی کی تکالیف کا شکار رہے ہیں۔

Related Posts