بدھ کی شب اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی، یہ بھارت کی انگلینڈ کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں پہلی کامیابی ہے۔
بھارتی کھلاڑی ردھا یادو نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ٹیم میں اور ماحول میں جادو ہے۔ ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور کچھ بڑا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ہر قیمت پر حاوی رہیں گے۔
ماہرینِ کھیل کے مطابق اگرچہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ بھارت سے آگے ہے لیکن سیریز میں میزبان ٹیم ہر شعبے میں پیچھے نظر آئی۔
میچ میں انگلینڈ کی بیٹنگ مایوس کن رہی، پوری ٹیم 20 اوورز میں صرف 126 رنز بنا سکی جس میں ناقص شاٹ سلیکشن اور مجموعی الجھن نمایاں تھی۔ بھارتی فیلڈنگ اتنی شاندار تھی کہ 11ویں سے 19ویں اوور تک انگلینڈ کوئی باؤنڈری نہ لگا سکی۔
بھارتی اوپنرز شیفالی ورما اور سمرتی مندھانا نے پاور پلے میں 53 رنز بنا کر عمدہ آغاز فراہم کیا جبکہ انگلینڈ کی خواتین اس جیسا نظم و ضبط دکھانے میں ناکام رہیں۔

اس مضبوط بنیاد کے بعد ہرمن پریت کور اور جمائمہ روڈریگز نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے سنگل ڈبلز پر انحصار کیا اور فتح کی راہ ہموار کی۔
میچ کے دوران ایک اہم لمحہ اس وقت آیا جب چارلی ڈین نے شارٹ تھرڈ کی جانب شاٹ کھیل کر سنگل لینے کی کوشش کی مگر ساتھی کھلاڑی نے روک دیا۔ وہ وکٹ سے بہت دور جا چکی تھیں، جس پر رچا گھوش نے شاندار رن آؤٹ کیا۔
انگلش کپتان بیومونٹ نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم نٹ سکیور برنٹ کی غیرموجودگی سے متاثر ہوئی جو گروئن انجری کے باعث باقی ٹی ٹوئنٹی میچز سے باہر ہیں تاہم ون ڈے سیریز کے لیے ان کی واپسی کی امید ہے۔
اس سے قبل بھارتی آل راؤنڈر دیپتی شرما نے ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دیا اور 300 بین الاقوامی وکٹیں لینے والی دوسری بھارتی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
انہوں نے چھٹے اوور میں صوفیہ ڈنکلی کو بیک ورڈ پوائنٹ پر کیچ کرا کے یہ سنگِ میل عبور کیا جو انگلینڈ کی اننگز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ثابت ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








