محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں مون سون کی اگلی لہر 16 جولائی سے متوقع ہے جبکہ اس سے قبل شہر میں دو دن تک شدید گرمی اور حبس کا راج برقرار رہے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں لیکن نمی کا تناسب اتنا زیادہ ہے کہ درجہ حرارت سے زیادہ شدت محسوس ہو رہی ہے جس نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں کراچی کے بعض علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔ دو دن بند رہنے کے بعد سمندری ہوائیں معمول پر آ گئی ہیں جو موسم کو نسبتاً بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون سیزن رواں سال ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے لہٰذا شہریوں کو موسمی حالات کے مطابق احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر مقامی ندی نالوں، پہاڑی سلسلوں اور برساتی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے اضلاع بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، سبی، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور تربت میں تیز سے بہت تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
مزید برآں خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جہاں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں، اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹس پر عمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








