مودی سرکار کو بڑا جھٹکا لگ گیا؛ برازیل نے بھارتی آکاش میزائل ڈیل کینسل کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

برازیل نے بھارت سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائل سسٹم کی خریداری کے لیے جاری بات چیت روک دی ہے اور اس کے بجائے ایک جدید یورپی دفاعی نظام کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق برازیلی فضائیہ ابتدائی طور پر بھارتی ساختہ آکاش میزائل کے پرانے ورژن میں دلچسپی رکھتی تھی لیکن بعد ازاں ان کا رجحان یورپی کمپنی MBDA کے تیار کردہ CAMM-ER میزائل سسٹم کی جانب ہو گیا۔ اس سسٹم کی مار تقریباً 45 کلومیٹر ہے، جو آکاش کی 25 سے 30 کلومیٹر رینج کے مقابلے میں نمایاں فرق رکھتی ہے۔

برازیلی حکام کو اس بات پر تحفظات تھے کہ بھارت کی طرف سے دی جانے والی پیشکش میں آکاش کا جدید ورژن شامل نہیں، جو ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یورپی پیشکش کو زیادہ قابلِ اعتماد اور جدید سمجھا۔

دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ برازیل کا یہ فیصلہ بھارت کے لیے ایک سفارتی دھچکا ہے، خاص طور پر اس وقت جب نئی دہلی اپنی مقامی دفاعی مصنوعات کو عالمی منڈی میں فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔

آکاش میزائل سسٹم کو بھارت میں ایک بڑی دفاعی کامیابی کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور اسے دیگر ممالک جیسے ویتنام، فلپائن اور ارجنٹینا کو فروخت کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

Related Posts