آن لائن بیٹنگ ایپس جان لیوا بن گئیں؛ لاکھوں روپے ہارنے والی حیدر آبادی خاتون کی خودکشی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

حیدرآباد کے علاقے کوکٹ پلی ہاؤسنگ بورڈ کے رہائشی علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آن لائن بیٹنگ میں مالی نقصان برداشت نہ کرنے پر ایک 27 سالہ خاتون نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پولیس کے مطابق، متوفیہ گنگا انوشا مغربی گوداوری ضلع کے شہر پالاکول کی رہائشی تھی۔ اس کی شادی پانچ سال قبل اپنے قریبی رشتہ دار وینکٹ بابو سے ہوئی تھی، جو ایک سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے۔ دونوں کا ایک چار سالہ بیٹا بھی ہے۔

انوشا گھریلو خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ گھر سے آن لائن ملازمت کر رہی تھی۔ اسی دوران وہ مختلف آن لائن بیٹنگ ایپس کے جال میں پھنس گئی اور آہستہ آہستہ بڑی رقم ہار بیٹھی۔ جب مالی نقصان بڑھا تو اُس نے قرض لینا شروع کر دیا جس سے اس پر مالی دباؤ مزید بڑھ گیا۔

پولیس انسپکٹر راج شیکھر ریڈی کے مطابق، ذہنی تناؤ کے باعث انوشا نے اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ جب اُس کا شوہر گھر پہنچا تو چار سالہ بیٹے نے دروازہ کھولا، جس کے بعد اس نے اپنی بیوی کی لاش دیکھی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

خاتون نے ایک سوسائیڈ نوٹ بھی چھوڑا جس میں اس نے لکھا کہ وہ بدنامی اور مالی دباؤ کے باعث یہ انتہائی قدم اٹھا رہی ہے، اور اس نے اپنے اہل خانہ سے معافی مانگی ہے۔

Related Posts