خواب کبھی پرانے نہیں ہوتے؛ فیض الحق نے 55 سال کی عمر میں میٹرک پاس کرکے مثال قائم کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ سوشل میڈیا)

بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ فیض الحق نے یہ ثابت کر دیا کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔

نواں آباد پشین کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں چپراسی کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے فیض الحق نے حالیہ میٹرک امتحانات میں 600 نمبر لے کر سیکنڈ ڈویژن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کی جانب سے 7 جولائی کو میٹرک 2025 کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد فیض الحق کی کامیابی نے اسکول میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ طلبہ اور اساتذہ نے ان کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیض الحق کا کہنا تھا کہ تعلیم کا خواب وہ بچپن سے دیکھتے آئے ہیں لیکن معاشی مشکلات اور خاندانی ذمہ داریوں کے باعث وہ اپنی پڑھائی مکمل نہ کر سکے تاہم اسکول میں کام کرنے کے دوران اساتذہ اور اسٹاف کی حوصلہ افزائی نے انہیں دوبارہ قلم تھامنے کا حوصلہ دیا۔

اس تاریخی کامیابی پر اسکول انتظامیہ اور ساتھی عملے نے فیض الحق کو ہار پہنائے، مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب منعقد کی۔ اسکول کے دیگر طلبہ کے لیے یہ ایک زندہ مثال بن گئی کہ اگر عزم اور محنت ہو تو کوئی بھی منزل دور نہیں۔

فیض الحق اب مزید تعلیم جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ نوجوانوں کو یہی پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تعلیم کے لیے وقت کبھی رکاوٹ نہیں بنتا، بس ارادے مضبوط ہونے چاہئیں۔

Related Posts