بھارتی ریاست اتر پردیش پولیس کے میرٹھ اسپیشل ٹاسک فورس (STF) نے پیر کی صبح مظفر نگر (چھپار کے روہانا روڈ پر) میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران سنجیو “جیوا” مہیشوری گینگ کے معروف شارپ شوٹر شاہ رخ پٹھان کو ہلاک کردیا۔
میرٹھ اسپیشل ٹاسک فورس نے مظفر نگر کے چھپار علاقے میں گھیرا ڈال کر گینگ کے خطرناک شارپ شوٹر شاہ رخ پٹھان پکڑنے کی کوشش کی مگر شاہ رُخ نے پولیس پر شدید فائرنگ کردی، جواباً پولیس نے گولی چلائی جس سے شاہ رخ پٹھان شدید زخمی ہوا، اور بعد ازاں اسپتال لے جانے کے دوران انتقال ہوگیا۔ باقی ملزمان فرار ہوگئے اور تلاش جاری ہے۔
ایس ٹی ایف کے حکام کے مطابق، شاہ رخ پٹھان کی ہلاکت سنجیو جیوا، مختار انصاری گینگ کے نیٹ ورک کے لیے ایک سنگین دھچکا ہے۔ اس واقعہ کے بعد گینگ کے باقی ارکان کو بے نقاب کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق پٹھان گینگ کا ایک فعال اور خطرناک رکن تھا، جس نے قتل، بھتہ خوری، گواہوں کو خوفزدہ کرنے جیسے سنگین جرائم کیے۔
یاد رہے کہ اس گینگ کا سرغنہ سنجیو جیوا بھی تقریباً دو سال قبل لکھنؤ کی عدالت میں پیشی کے دوران فائرنگ میں مارا گیا تھا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ شاہ رُخ پٹھان جیوا گینگ کا سرگرم اور خطرناک رکن تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








