نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹ گرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو اور گردونواح کے علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نچلے علاقوں سے دور رہنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع خصوصاً چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹ گرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو اور ان کے گردونواح میں شدید بارشوں کا امکان ہے جن کے ساتھ آندھی، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
پنجاب کے شمالی اضلاع، بشمول راولپنڈی، مری، گجرات، منڈی بہاؤالدین، چکوال اور جہلم میں بھی موسم انتہائی خراب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جہاں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے باعث بجلی کی تنصیبات، کمزور انفراسٹرکچر اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، اور شہری دفاع کے محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام دستیاب وسائل کے ساتھ تیار رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل یقینی بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








