پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کی امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ گرینل سے ملاقات ہوئی ہے۔ عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سیلمان خان کی رچرڈ گرینل سے ملاقات کیلی فورنیا میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا مقصد عمران خان کی قانونی صورتحال اور ان کی رہائی کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنا تھا تاہم اس ملاقات کے بعد رچرڈ گرینل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مختصر پیغام جاری کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی نمائندہ اس معاملے پر براہِ راست کوئی مؤقف اپنانے سے گریزاں رہے۔
رچرڈ گرینل نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر قاسم اور سلیمان کے ساتھ لی گئی ایک تصویر شیئر کی اور مختصر تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ دوستوں کو خوش آمدید۔
قاسم اور سلیمان کے ساتھ وقت گزار کر خوشی ہوئی۔گرینل کی اس پوسٹ میں نہ تو عمران خان کا ذکر کیا گیا، نہ ہی ان کی قید یا مقدمات کے حوالے سے کوئی پوزیشن لی گئی۔
سیاسی مبصرین اس ردعمل کو محتاط سفارتی طرزِ عمل قرار دے رہے ہیں، جس میں امریکہ کے سابق نمائندے نے عمران خان کے خاندان سے ملاقات تو کی لیکن ان کی رہائی یا سیاسی حمایت سے متعلق کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عمران خان کی قانونی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور تحریک انصاف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اس معاملے کو اجاگر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
قاسم اور سلیمان خان، جو طویل عرصے سے برطانیہ اور امریکا میں مقیم ہیں، اپنے والد کی رہائی کے لیے حالیہ دنوں میں سرگرم دکھائی دے رہے ہیں تاہم اب تک انہیں کسی بڑی سفارتی یا سیاسی حمایت کا واضح اشارہ نہیں ملا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








