روس کے مشرقی علاقے امور میں ایک مسافر طیارہ جنگلات سے بھرے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے وقت طیارے میں 43 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے جن میں پانچ بچے بھی شامل تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کے ملبے سے کسی بھی فرد کے زندہ بچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
یہ حادثہ جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے پیش آیا، جب دو انجن والا انتونوف ساختہ طیارہ، جو بلاگوویشچنسک شہر سے ٹینڈا کی جانب روانہ تھا، اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا۔
کچھ دیر بعد امدادی ہیلی کاپٹر نے ٹینڈا سے تقریباً سولہ کلومیٹر کے فاصلے پر جنگلات میں طیارے کے جلتے ہوئے ملبے کا پتہ لگایا۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے دھواں اٹھنے کی ویڈیوز جاری کی ہیں، جن میں گھنے جنگلات کے درمیان حادثے کی جگہ سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مقامی حکام نے بتایا کہ اب تک ملبے سے کسی زندہ شخص کا سراغ نہیں ملا، جبکہ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو چکی ہیں۔ تاہم، پہاڑی اور جنگلاتی علاقہ ہونے کے باعث رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق تاحال 25 اہلکار اور پانچ امدادی گاڑیاں جائے حادثہ کی جانب بھیجی گئی ہیں جبکہ چار فضائی جہاز الرٹ پر رکھے گئے ہیں۔ امدادی کارروائیاں فی الحال فضائی سطح پر جاری ہیں کیونکہ زمینی رسائی میں رکاوٹیں ہیں۔
07/24/25 🇷🇺 Footage released in Russia: the plane flew at a very low altitude, moments before it crashed
360 – 24/7 🇮🇱
Assaf Rosensweig #Russian #PlaneCrash pic.twitter.com/Uc5ck5jIme
— 💥Ray Murray jr (@rmjr2654) July 24, 2025
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ انگارا ایئرلائنز کا تھا، جو روس کے شہر ارکوتسک میں قائم ایک علاقائی فضائی کمپنی ہے۔ کمپنی نے حادثے پر کوئی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
روسی تحقیقاتی اداروں کے مطابق طیارہ اپنی منزل پر اترنے کی دوسری کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران اس سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ گر کر تباہ ہو گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی جبکہ تفتیشی اداروں نے تمام پہلوؤں پر غور شروع کر دیا ہے۔ ریاستی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ تقریباً پچاس سال پرانا تھا تاہم 2021 میں اس کی پرواز کی اجازت 2036 تک بڑھا دی گئی تھی۔
انتونوف ساختہ طیارے سابق سوویت یونین کے دور سے استعمال میں ہیں اور 1959 سے فضائی بیڑے کا حصہ رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں روس نے ان پرانے طیاروں کی جگہ جدید فضائی جہازوں کی جانب منتقلی کی کوشش کی ہے تاہم دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ابھی بھی یہ پرانے طیارے عام طور پر استعمال ہوتے ہیں، جن کے حادثات بھی وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








