اسمارٹ فونز کا دور اختتام جانب رواں دواں؛ نئی ڈیوائس سب کو پیچھے چھوڑ دے گی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آج کے دور میں اسمارٹ فونز ہماری زندگی کا اہم ترین حصہ بن چکے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یہ عہد جلد ہی ماضی کا حصہ بن سکتا ہے؟ ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے ناموں کی تازہ پیش گوئیوں نے یہ اشارہ دیا ہے کہ مستقبل قریب میں ہمارے ہاتھوں میں موجود یہ چھوٹی اسکرینز شاید تاریخ کا حصہ بن جائیں۔

گوگل اور اس کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے حال ہی میں ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس نئی ڈیوائسز تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

سہ ماہی آمدنی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ گلاسز جیسی جدید مصنوعات صارفین کے لیے نئے امکانات کھول رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اگلے دو سے تین سال تک اسمارٹ فونز بدستور مقبول رہیں گے لیکن جیسے ہی اسمارٹ گلاسز کی مقبولیت بڑھے گی، اسمارٹ فونز کا استعمال کم ہوتا چلا جائے گا۔

سندر پچائی نے خاص طور پر جیمنائی 2.5 سیریز کے پرو ماڈل کی کارکردگی کی تعریف کی، جو ان کے بقول شاندار نتائج دے رہے ہیں حالانکہ یہ ابھی مکمل طور پر مارکیٹ میں متعارف نہیں کرائے گئے۔

یہ پیش گوئی صرف گوگل تک محدود نہیں۔ رواں سال کے آغاز میں چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے بھی کہا تھا کہ اسمارٹ فونز کا دور جلد ختم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اوپن اے آئی ایک ایسی جدید ڈیوائس پر کام کر رہی ہے جو چیٹ جی پی ٹی کی صلاحیتوں سے لیس ہوگی اور اسمارٹ فونز کا متبادل بن سکتی ہے۔

دوسری جانب ایپل بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں۔ کمپنی اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) پر مبنی گلاسز تیار کر رہی ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ صارفین کو آئی فونز کو بھولنے پر مجبور کر دیں گے۔ ایپل کی حکمت عملی اگرچہ اوپن اے آئی سے مختلف ہے لیکن دونوں کمپنیوں کا مقصد ایک ہی ہے کہ ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئے سرے سے تشکیل دینا۔

Related Posts