دبئی پولیس نے بنگلہ دیش کے تعاون سے تقریباً ایک ملین درھم سے زائد مالیت کے ہیروں سے بھرے بیگ کو مالک تک واپس پہنچایا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک دبئی میں مقیم ہیروں کا تاجر ایک اور خلیجی ملک میں نمائش کے لیے سفر کر رہا تھا۔
تاجر چار بیگز ساتھ لے کر روانہ ہوا لیکن روانگی پر غلطی سے وہ بیگ اٹھا لیا گیا جو کسی دوسرے ہی مسافر کا تھا۔ جب تاجر نے اپنی منزل پر بیگ کھولنے کی کوشش کی تو اندر کپڑے نکلے جس پر اسے احساس ہوا کہ اس کا قیمتی بیگ گم ہو گیا ہے۔
تاجر نے فوری طور پر دبئی میں جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ایئرپورٹ سکیورٹی میں رپورٹ درج کروائی۔ اس کے بعد پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا جس سے پتا چلا کہ ایسی مسافر جو بنگلہ دیش سے تھی غلطی سے اس کا بیگ اٹھا کر لے گئی تھی کیونکہ دونوں بیگ شکل میں ایک جیسے تھے ۔
دبئی پولیس نے متعلقہ حکام اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزارت خارجہ، دبئی پولیس، متعلقہ سفارتخانہ اور بنگلہ دیشی حکام نے مل کر قیمتی بیگ کی شناخت کی اور چند دنوں میں اسے احسن طریقے سے واپس کروا دیا گیا ۔
تاجر نے دبئی پولیس کی تیز اور موثر کارروائی پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ میں واقعی اظہارِ تشکر کے الفاظ نہیں ڈھونڈ پا رہا، آپ کی مسلسل محنت اور لوگوں کی خوشی کے جذبے نے نہ صرف میرا قیمتی بیگ واپس کیا بلکہ میری عزت و کاروبار کی حفاظت بھی کی۔
دبئی پولیس کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کی روشن مثال ہے۔ اس نے اس یقین دہانی کرائی کہ دبئی میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں اور اعتماد کی بنیاد پر کام کرتی ہیں ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








