پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہورہا ہے جبکہ ایک روزہ میچز اگلے ہفتے ہوں گے
آج 31 جولائی کو امریکا کے شہر لاؤڈرہل میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا جو پاکستان کے وائٹ بال دورہ ویسٹ انڈیز کا باقاعدہ آغاز ہے۔
یہ سیریز سینٹرل بروورڈ پارک اینڈ اسٹیڈیم میں کھیلی جا رہی ہے، جہاں قومی ٹیم نے گزشتہ دنوں بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی۔
کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ فٹنس ڈرلز اور میچ تیاریوں پر خصوصی توجہ دی۔ کوچنگ اسٹاف نے تمام سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کی تاکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جنہیں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کی قیادت کا چیلنج سونپا گیا ہے۔
ٹیم میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، حارث رؤف، خوشدل شاہ، صائم ایوب، محمد نواز اور محمد حارث شامل ہیں۔
یہ سیریز پاکستان کے نئے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن کی زیر نگرانی تیسرا بڑا امتحان ہوگی جنہوں نے اپنی کوچنگ کا آغاز رواں برس مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف کامیاب ہوم سیریز سے کیا تھا تاہم حالیہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز پاکستان نے گنوائی تھی۔
اس تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز بھی کھیلے گی جو 8، 10 اور 12 اگست کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ہوں گے۔
ان میچوں کے لیے قومی ٹیم کا دستہ جمعرات کو کراچی سے روانہ ہوگا۔ ایک روزہ سیریز کے لیے بابراعظم کی قومی ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے جو اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پہلی بار میدان میں آئیں گے۔
ون ڈے ٹیم کی قیادت محمد رضوان کے سپرد کی گئی ہے جنہیں نائب کپتان کی حیثیت سے آغا سلمان کی معاونت حاصل ہوگی۔ دیگر اہم کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے دونوں فارمیٹس کے اسکواڈز میں کئی ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں، جنہیں بیرونِ ملک تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں سیریز پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہیں، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم نئے کوچنگ سسٹم اور قیادت کے تحت نئے سفر کا آغاز کر رہی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا مکمل شیڈول:
پہلا ٹی ٹوئنٹی: 31 جولائی، لاؤڈرہل، امریکا
دوسرا ٹی ٹوئنٹی: 2 اگست، لاؤڈرہل، امریکا
تیسرا ٹی ٹوئنٹی: 3 اگست، لاؤڈرہل، امریکا
ون ڈے سیریز کا شیڈول :
پہلا ون ڈے: 8 اگست، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو
دوسرا ون ڈے: 10 اگست، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو
تیسرا ون ڈے: 12 اگست، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو
پاکستانی شائقین کرکٹ اس سیریز سے بڑی توقعات وابستہ کیے بیٹھے ہیں، خصوصاً نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اور بابراعظم کی واپسی پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








