رحیم یار خان: پولیس پوسٹ پر ڈاکوؤں کا حملہ، ایلیٹ فورس کے 5 جوان شہید

تازہ ترین

تازہ ترین

DI Khan police rescue 14 abducted labourers after operation in Paharpur
(Image: Dunya News)

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جہاں درجنوں ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں شیخانی پولیس پوسٹ پر حملہ کر دیا، اس دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے پانچ اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے،حملے کے بعد ڈاکو جائے واردات سے فرار ہو گئے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں محمد عرفان، محمد سلیم، ناخیل، کانسٹیبل خلیل اور غضنفر شامل ہیں۔ لاشوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شہدا میں سے دو کا تعلق رحیم یار خان جبکہ تین کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عرفان علی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کچے کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کے ساتھ مقابلہ جاری ہے اور ان کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔

مقابلے کے دوران پولیس نے ایک حملہ آور ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈاکو جدید اسلحے سے لیس تھے اور پولیس پوسٹ کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد ڈی پی او عرفان علی سامو خود بکتر بند گاڑیوں اور نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ڈاکو نہ ریاست سے بالاتر ہیں اور نہ ہی قانون سے، ان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ بزدلانہ حملہ ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

پولیس ترجمان کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے ڈاکوؤں کو یا تو گرفتار کرے گی یا انجام تک پہنچائے گی۔

واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے جبکہ کچے اور اس کے اطراف کو سیکورٹی فورسز نے مکمل گھیرے میں لے لیا ہے۔

Related Posts