بھارت کے تیز گیند باز محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی جادوئی گیند بازی سے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے نہ صرف انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا بلکہ عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے بین الاقوامی وکٹوں کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
جب بھارت کی پوری ٹیم محض 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی تو سراج نے پرسدھ کرشنا کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی بیٹنگ کو دباؤ میں جکڑ لیا۔ دونوں گیند بازوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی ٹیم کو 247 رنز پر پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ سراج نے اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک اور جیمی اسمتھ جیسے اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس میچ کے بعد سراج کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 118 ہو گئی جبکہ ون ڈے میں 71 اور ٹی ٹوئنٹی میں 14 وکٹیں ان کے نام ہیں۔ یوں ان کی مجموعی بین الاقوامی وکٹوں کی تعداد 203 ہو گئی، جو سچن ٹنڈولکر کی 201 وکٹوں سے دو زیادہ ہے۔
یہ سراج کا انگلینڈ کی سرزمین پر چھٹا موقع تھا جب انہوں نے ایک اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتی تیز گیند باز جسپریت بمراہ کے پانچ چار وکٹوں والے اسپیلز کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔
ایشیائی گیند بازوں میں صرف پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ میں چھ بار چار یا زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا جنہوں نے مجموعی طور پر 45 وکٹیں حاصل کیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








