حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں فی لیٹر 2.5 روپے کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ ڈیزل پر فریٹ مارجن میں بھی 20 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہفتے کو میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ فیصلہ صارفین کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں اضافی بوجھ کا باعث بن سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول پر لیوی 75.52 روپے سے بڑھ کر 78.2 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل پر لیوی 74.51 روپے سے بڑھ کر 77.01 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ڈیزل پر فریٹ مارجن کو بھی 6.24 روپے فی لیٹر تک بڑھایا گیا ہے تاہم کلائمیٹ سپورٹ لیوی کو دونوں ایندھن پر 2.5 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔
رپورٹس بتاتی ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز کا مارجن 8.64 روپے فی لیٹر اور ڈسٹری بیوٹرز کا مارجن 7.87 روپے فی لیٹر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر پر برقرار ہے، لیکن مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر تقریباً 100 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت نے اگلے پندرہ دن کے لیے پٹرول کی قیمت میں 7 روپے سے زائد کی کمی کی تھی لیکن لیوی میں حالیہ اضافے سے صارفین پر مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








