کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک بینک کی کیش وین لوٹنے والے دو ملزمان کو پولیس نے دھر لیا۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ دو روز قبل پیش آنے والے اس ڈرامائی واقعے میں پانچ ڈاکوؤں نے سفید کار میں آکر بینک کی کیش وین سے 97 لاکھ روپے لوٹ لیے تھے۔
پولیس کی تیز رفتار کارروائی کے نتیجے میں پانچ میں سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے 35 لاکھ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق یہ ملزمان ایک سات رکنی ڈاکو گروہ کا حصہ ہیں، جن میں سے باقی پانچ کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان ماضی میں بھی جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے ملزمان سے 12 موبائل فون اور دو پستول بھی برآمد کیے ہیں۔ ایس ایس پی طارق نواز نے عزم ظاہر کیا کہ باقی ماندہ ملزمان کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








