صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ بلے بازی؛ پاکستان کی ویسٹ انڈیز کو شکست، ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ای ایس پی این)

پاکستان نے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے گئے سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔ فیصلہ کن معرکے میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار نصف سنچریوں کی بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز کا شاندار ہدف سیٹ کیا۔

صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حسن نواز نے 15 اور محمد حارث نے 2 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 176 رنز بناسکی اور میچ 14 رنز سے ہار گئی۔ پاکستانی بولرز اور فیلڈرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف تک نہ پہنچنے دیا۔

تیسرے میچ کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کیں۔ شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جنہوں نے اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا۔

تین میچوں پر مشتمل اس سیریز میں پہلا میچ پاکستان نے جیتا، جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی۔ تاہم، فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

یہ فتح پاکستانی ٹیم کی محنت اور عزم کی بدولت ممکن ہوئی جس نے شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔

Related Posts