امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک دل دہلانے والے واقعے میں فائرنگ سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ چھ دیگر افراد زخمی ہوئے۔ یہ خونریز واقعہ پلیس اور گریفتھ ایوینو کے قریب پیش آیا جہاں ایک پررونق ڈانس پارٹی جاری تھی۔
لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ (LAPD) کے مطابق فائرنگ کے بعد پارٹی کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا اور اسلحہ رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا حملہ آوروں کی گرفتاری یا واقعے کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 6 زخمیوں میں سے دو کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے جو اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔
امریکی ریاست مونٹانا میں جمعہ کے روز ایک بار میں ہونے والی فائرنگ نے بھی چار زندگیوں کو نگل لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مشتبہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے، اور اناکانڈا کے مغرب میں اسٹمپ ٹاؤن کے علاقے میں اسے دیکھے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے متعدد رہائشی علاقوں کو سیل کر دیا ہے اور سیکیورٹی ادارے چوکس ہیں۔
یہ پے در پے واقعات امریکی معاشرے میں بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر کی جانب اشارہ کرتے ہیں، جس نے عوام میں تشویش کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ حالات پر قابو پانے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








