ممبئی: بھارتی اداکارہ شہناز گل کو طبیعت کی ناسازی کے باعث اچانک اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی صحت بظاہر کم فشار خون (لو بلڈ پریشر) کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے تاہم بیماری کی اصل وجہ تاحال باضابطہ طور پر سامنے نہیں آئی۔
شہناز گل کی طبیعت میں اس اچانک بگڑاؤ نے ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔ اداکارہ اس وقت اسپتال میں داخل ہیں اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔ ان کی صحت کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں آئیں۔
بگ باس 18 کے فاتح اور معروف اداکار کرن ویر مہرا نے شہناز گل کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا اور ایک مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں شہناز کو اسپتال کے بستر پر ڈرِپ کے ساتھ لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں شہناز اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کرتی نظر آئیں تاہم وہ مسکرا کر مداحوں کو یہ یقین دلاتی دکھائی دیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔
کرن ویر مہرا نے ویڈیو میں مداحوں سے اپیل کی کہ براہ کرم شہناز کے لیے دل سے دعائیں کریں، تاکہ یہ زندہ دل اور توانائی سے بھرپور لڑکی جلد واپس آ جائے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے شہناز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ذرا دیکھو اس بیچاری کا کیا حال ہو گیا ہے؟ جس پر شہناز نے بھی ہنستے ہوئے جواب دیا کہ وہ جلد دوبارہ پارٹی کرنے کے لیے تیار ہوں گی۔
مداحوں کی جانب سے شہناز کے لیے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے اور سبھی ان کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








