کیا پاکستان مخالف فلموں کی ناکامی کے بعد بالی ووڈ چین کو نشانہ بنا رہا ہے؟ فرحان اختر کی 120 بہادر کا ٹیزر ریلیز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار و اداکار فرہان اختر کی نئی فلم 120 بہادر کا ٹیزر سامنے آتے ہی بھارتی شائقین کے دلوں کو جیت لیا ہے۔ یہ فلم 1962 کی ہند، چین جنگ کے دوران رزنگ لا کے معرکے کی عکاسی کرتی ہے جو بھارتی فوجیوں کی بہادری، جذبے اور قربانی کی ایک دل دوز داستان پیش کرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم انڈسٹری جو ماضی میں پاکستان مخالف موضوعات پر مبنی فلموں کی ناکامیوں سے دوچار رہی اب اپنی توجہ چین کی طرف مبذول کر چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فرہان اختر اس فلم میں ایک طاقتور کہانی کے ذریعے بھارتی فوجیوں کی دلیرانہ جدوجہد کو اجاگر کر رہے ہیں۔ فلم میں فرہان اختر ایک بھارتی فوجی میجر کے کردار میں نظر آئیں گے جنہیں تاریخی طور پر بھارت کا سب سے بڑا فوجی اعزاز پرم ویر چکر سے نوازا گیا تھا۔

فلم کے ٹیزر میں ایک زخمی فوجی سے ایک افسر پوچھتا ہےکہ ’چین کے ساتھ جنگ کے دوران رزنگ لا میں کیا ہوا؟ اسکے بعد کے مناظر میں بھارتی فوجیوں کو چینی فوج کے بے رحم توپخانے کے حملوں کا سامنا کرتے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں بھارتی فوجیوں کو منفی 24 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی کم درجہ حرارت کی سخت موسمی حالات میں جنگ کی تیاری کرتے دکھایا گیا ہے۔ ان مشکل حالات میں بھی فرہان اختر کا کردار میجر شیطان سنگھ نہ صرف نڈر نظر آتا ہے بلکہ آنے والی جنگ کے لیے پوری طرح تیار دکھائی دیتا ہے۔

اپنی بٹالین سے خطاب کرتے ہوئے فرہان اختر کہتے ہیں کہ بھارتی فوج کی وردی پہننے کے لیے ہمت اور جان قربان کرنے کا جذبہ درکار ہے۔ میں اپنے وطن کے لیے مرنے کو تیار ہوں لیکن شکست کو قبول نہیں کر سکتا ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم 21 نومبر 2025 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ 120 بہادر نہ صرف ایک فوجی معرکے کی کہانی بیان کرتی ہے بلکہ بھارتی فوجیوں کے عزم اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

Related Posts