برطانیہ میں تعلیم، ویزا اور رہائش مفت حاصل کریں؛ اپلائی کرنے کا طریقہ جان لیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

برطانیہ نے پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے اپنی مشہورِ زمانہ چیوننگ اسکالرشپ کے دروازے کھول دیئے ہیں جو ایک سالہ ماسٹرز ڈگری کے لیے مکمل فنڈنگ فراہم کرتی ہے۔ یہ اسکالرشپ پاکستان کے ان ہونہار افراد کے لیے ہے جو اپنے کیریئر میں نئی بلندیوں کو چھونا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ اسکالرشپ ان پیشہ ور افراد کے لیے ہے جن کے پاس کم از کم دو سال کا پوسٹ گریجویٹ ورک ایکسپیریئنس ہو۔ درخواستوں کا آغاز 5 اگست سے ہوگا اور 7 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا۔ دلچسپی رکھنے والے افراد آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

چیوننگ اسکالرشپ مکمل طور پر یونیورسٹی فیس، برطانیہ کیلئے سفری اخراجات، ویزا لاگت، رہائش اور روزمرہ کے اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ فراہم کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی شاندار فرصت ہے جو نہ صرف تعلیمی مواقع فراہم کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر رابطوں اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسکالرشپ کو پاکستان کے مستقبل کے لیڈروں کے لیے ایک لانچنگ پیڈ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف اعلیٰ تعلیم تک رسائی نہیں دیتی بلکہ ذاتی ترقی، عالمی نیٹ ورکس اور مقصد کے ساتھ قیادت کی صلاحیت کو فروغ دیتی ہے۔انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔

یاد رہے کہ 1983 میں شروع ہونے والی چیوننگ اسکالرشپ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) اور اس کے شراکت داروں کے تعاون سے چلتی ہے۔ دنیا بھر میں اس پروگرام کے 60,000 سے زائد سابق طلبہ ہیں جن میں سے 2,000 سے زیادہ پاکستانی ہیں۔

Related Posts