کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین جلد کراچی کی سیاست میں دوبارہ متحرک ہوں گے۔ یہ بیان انہوں نے پیر کے روز گورنر ہاؤس کراچی میں یومِ آزادی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
کامران ٹیسوری نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ میں ایک بار پھر دہرا رہا ہوں، بھائی (الطاف حسین) واپس آ رہے ہیں، وہ کراچی کو سنبھالیں گے۔ کیا آپ پرانی ایم کیو ایم کو واپس دیکھنا چاہتے ہیں؟ اس موقع پر موجود کارکنان نے پرجوش نعروں کے ساتھ جواب دیا۔
انہوں نے سیاسی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جمہوری سیاست میں سنجیدگی سے حصہ لینا چاہتے ہیں وہ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہوں۔
گورنر سندھ نے مخالف سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ووٹ لینے کے لیے کراچی آتے ہیں، مگر شہر کی ترقی کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھاتے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب الطاف حسین نے ایک روز قبل اپنی جماعت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ وہ مہاجر برادری کے حقوق کے لیے دہائیوں کی جدوجہد کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
الطاف حسین نے اپنے پیغام میں پارٹی کارکنان کو وفاداری کے حلف سے آزاد کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اپنی مرضی سے کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق الطاف حسین کی صحت پچھلے کچھ برسوں سے خراب ہے تاہم ان کا نام کراچی کی سیاست میں اب بھی ایک اہم حوالہ سمجھا جاتا ہے۔
گورنر سندھ کے اس بیان نے شہر کی سیاسی فضا میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے کہ آیا ایم کیو ایم کی پرانی شکل اور قیادت واقعی دوبارہ فعال ہو پائے گی یا نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








